قومی خبریں

ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آ پریشن بنیان مرصوص سے بھارت کو منہ توڑجواب دے کر افواج پاکستان نے جو کہا وہ کرکے دکھایا، پاکستان نے متعدد بار بھارت کو خبردار کیا تھا کہ وہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، آرمی چیف اور ڈی جی آ ئی ایس پی آ ر نے واضح کیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، آ پریشن بنیان مرصوص قوم سے کیے گئے اس وعدے کی تکمیل ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دے کر کہا تھا کہ اللہ کی مدد اور نصرت سے یہ کتنی مرتبہ ہوا کہ ایک چھوٹی طاقت نے بڑی طاقت کو شکست دی، الحمدللہ! تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ افواج پاکستان اور قوم ہر جارحیت کے خلاف پوری قوت سے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کی لیے پاکستان میں بھرپور دفاعی صلاحیت موجود ہے، ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں، 13 لاکھ بھارتی فوج اپنے تمام تر ہتھیاروں سے ہمیں ڈرا اور دھمکا نہیں سکتی، ہمارے آباو¿ اجداد نے اور ہم نے اس ملک کو بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’ہم بھارت کی طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہے، اب ہمارے جواب کا انتظار کرو‘، دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت پر کس طرح منہ توڑجواب دے کر بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، افواج پاکستان نے اپنے جذبہ شوق شہادت اور عمل سے یہ ثابت کر دیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کا تصور بھی نہیں کرسکتی۔