ملک میں ایچ آئی وی کے بڑھتے کیسز کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا
اسلام آباد:تونسہ اور ملک کے دیگر علاقوں میں ایچ آئی وی کے بڑھتے کیسز کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا۔سینیٹر سرمد علی نے ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافے پر توجہ دلا نوٹس سینیٹ جمع کروا دیا۔توجہ دلا نوٹس میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافے پر وفاقی وزیر صحت سے جواب طلب کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں ایچ آئی وی کیسز بڑھنا پبلک ہیلتھ مینجمنٹ پر سوالیہ نشان ہے، ملک میں ایچ آئی وی کا پھیلا روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جائے۔سینیٹر سرمد علی نے قومی ایڈز کنٹرول پروگرام کی کارکردگی کا فوری جائزہ لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔نوٹس میں غیر محفوظ طبی طریقوں، اسکریننگ اور آگاہی میں کمی کو ایچ آئی وی کے پھیلا کی ممکنہ وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ محفوظ بلڈ ٹرانسفیوژن اور ٹیسٹنگ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جائے اور عوام میں خوف اور غلط معلومات روکنے کےلئے شفاف معلومات کی فراہمی ناگزیر قرار دی جائے۔نوٹس میں کہا گیا کہ ایچ آئی وی کیسز میں اضافہ صحتِ عامہ کے نظام کے لیے سنگین چیلنج بننے کا خدشہ ہے۔ایچ آئی وی کے پھیلا کو روکنے کے لیے نگرانی اور آگاہی مہم تیز کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔