بلوچستان کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
ڈیرہ بگٹی : بلوچستان کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں میں ہفتے کی شب آنے والے زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات کو بلوچستان کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔اس دوران لوگ مسلسل باآواز بلند کلمہ طیبہ اور اللہ اکبر اللہ اکبر کا ورد کرتے رہے۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ڈیرہ بگٹی میں زیادہ محسوس کی گئی، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی زلزلے محسوس کیے گئے۔ تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ زلزلے کی شدت، گہرائی اور مرکز کے حوالے سے بھی تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہے۔ خاص کر خیبرپختوںخوا اور بلوچستان کے کچھ علاقے آئے روز زلزلوں کی زد میں رہتے ہیں۔