بین الاقوامی خبریں

آبنائے ہرمز جہازوں کی آمدورفت کیلئے مکمل آزاد ہے ، ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، ٹرمپ

واشنگٹن: ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو مکمل طورپر کھولنے کے اعلان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایران کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ایران نے آبنائے ایران مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے اور جہازوں کی آمد و رفت کے لیے مکمل آزاد ہے‘۔ایران کی جانب سے یہ اعلان لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے، جسے عالمی تجارت اور تیل کی بلا تعطل ترسیل کے حوالے سے انتہائی مثبت اور اہم سفارتی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں اور ایرانی قیادت کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ کسی بھی دشمن ملک کے جہاز کو یہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کو تباہ کر دیا جائے گا۔