بجلی کا بھاری بل ایک اور جان نگل گیا
لاہور:بجلی کا بھاری بل ایک اور جان نگل گیا، لاہور میں 3 ماہ سے تنخواہ سے محروم شخص نے بجلی کا بھاری بل آنے پر خود کشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کے بھاری بلوں کے باعث آئے روز اموات ہونے کے دلخراش واقعات رونما ہونے لگے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بجلی کے بھاری بل کی وجہ سے لاہور میں لاہور ہائی کورٹ بار کے ملازم کی موت ہو جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے ملازم نے گھریلو حالات اور بجلی کے بھاری بل سے تنگ آکر نہر میں کود کر خودکشی کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے ملازم محمد خالد نے بی آر بی نہر میں چھلانگ لگائی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد کئی دنوں سے پریشان تھا اور ا±سے تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی جس کے باعث وہ بجلی کا بل ادا کرنے سے قاصر تھا۔اہل خانہ کے مطابق کوئی بھی بجلی بل یا گھریلو معاملات میں خالد کی مدد نہیں کر رہا تھا، وہ دکانوں سے ادھار سامان اور قرض لے کر گزارا کر رہا تھا، جس کی وجہ سے گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ قریبی ذرائع نے بتایا کہ معاشی حالات اور تنگدستی کی وجہ سے بیوی بھی خالد کو چھوڑ گئی تھی، ا±س کے پانچ بچے ہیں جبکہ وہ کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھا۔خالد لاہور ہائیکورٹ بار میں 25 سال سے ملازمت کر رہا تھا۔ دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق بی آر بی نہر میں کود کر خود کشی کرنے والے خالد کی لاش کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران ہی ٹیکسلا میں بھی بجلی کے بھاری بل کی وجہ سے 2 بچوں کے باپ کی خود کشی کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ پنجاب کے شہر ٹیکسلا تھانے کی حدود میں ڈھوک سادو کے علاقے میں بجلی کا بھاری بل ادا نہ کرنے پر ایک شخص نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ دو بچوں کا باپ ملک طاہر گزشتہ چار ماہ سے بے روزگار تھا اور بجلی کے بل کی مقررہ تاریخ گزر جانے کی وجہ سے پریشان تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بل کی ادائیگی نہ کرنے پر ملک طاہر کی بھائیوں کے ساتھ بحث ہوگئی جس سے معاملات مزید سنگین ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو طاہر نے خود کو ایک کمرے میں بند کر کے اپنی جان لے لی۔اس سے قبل گوجرانوالہ میں ایک خاتون نے علاج کے پیسے بجلی کے بل کی ادائیگی میں خرچ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی تھی۔ جبکہ بجلی کے بل کی وجہ سے گوجرانوالہ میں سگے بھائی کے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ میں پرنس روڈ پر بجلی کے بل کے پیسوں پر دو بھائیوں میں جھگڑا ہوگیا جس پر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق دونوں بھائی محنت مزدوری کرتے اور ایک ہی مکان میں رہتے تھے، گھر کا بجلی کا بل 10 ہزار 500 روپے ا?یا تھا، بڑے بھائی نے ا?دھی رقم کا تقاضہ کیا تو چھوٹے بھائی نے انکار کردیا جس پر تلخ کلامی ہو گئی۔اس دوران بڑے بھائی نے چھریوں کے وار کرکے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔