قومی خبریں

حکومتی اخراجات کو کم کریں گے،وزیراعظم

ا سلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وقت ضائع کئے بغیر ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کیلئے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،حکومتی اخراجات کو کم کریں گے۔غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دونگا۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے ملکی معیشت کی ترقی کیلئے 5 سالہ معاشی روڈمیپ پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ملکی معیشت کی ترقی کیلئے آئندہ پانچ سال کا معاشی روڈمیپ پیش کیا گیا۔مہنگائی میں کمی، غربت کی تخفیف اور روزگار کی فراہمی روڈمیپ کا حصہ ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کے مخلتف شعبوں کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس پلان پر عملدرآمد کیلئے مشاورت کی جائے۔زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بیرونی سرمایہ کاری، چھوٹے و بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کی استعداد میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیرِ اعظم نے کہاکہ آئندہ 5 برس میں ملکی معیشت کو استحکام دے کر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ڈیجٹلائیزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے۔زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکٹر پیداوار بڑھائیں گے۔نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی وزراءاحسن اقبال، محمد جہانزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. اجلاس کو ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ اور کلیدی شعبوں میں مجوزہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بجلی، زراعت و لائیو اسٹاک، برآمدی شعبہ، درمیانے و چھوٹے پیمانے کی صنعت، ٹیکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور نجکاری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی. وزیرِ اعظم نے ان مجوزہ اقدامات پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے ایک جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ان منصوبوں کے حوالے سے عملدرآمد کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے ۔