بین الاقوامی خبریں

نااہلی کا فیصلہ کالعدم، امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا

واشنگٹن: نااہلی کا فیصلہ کالعدم، امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا، سابق امریکی صدر کے صدارتی انتخاب لڑنے کی راہ میں رکاوٹ دور ہوگئی، امریکی سپریم کورٹ نے ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ کا فیصلہ متفقہ طور پر کالعدم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سیاسی جماعت ری پبلکن کے سینئر رہنما اور آئندہ امریکی صدر کے مضبوط امیدوار ڈونلڈ ٹرپ امریکی صدارتی الیکشن سے قبل بڑی قانونی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔امریکی سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست کولوراڈو میں صدارتی انتخابات کے لیے پرائمری بیلیٹنگ میں حصہ لینے کا اہل قرار دے دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ کا 19 دسمبر 2023 کو دیا گیا فیصلہ متفقہ طور پر کالعدم قرار دے دیا جس میں امریکی آ ئین کی 14 ویں ترمیم کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کو کولوراڈو سے ملکی صدر کے عہدے کے لیے پرائمری بیلیٹنگ میں حصہ لینے کیلیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔اس مقدمے کی سماعت کرنے والے امریکی سپریم کورٹ کے 9 ججز کے بنچ نے متفقہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں فیصلہ سنایا۔ امریکی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے ٹرمپ کے صدارتی انتخاب لڑنے کی راہ میں رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ کسی ریاستی عدالت کو وفاقی سطح کے عہدیداروں اورامیدواروں کے خلاف آ ئین کی 14 ویں تریم کے سیکشن تھری کے تحت فیصلہ دینے کا اختیار نہیں ہے۔ اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ریاستی عدالتیں صرف ریاست کی سطح پرعوامی عہدیداروں کو کسی عہدے کے لیے نااہل قرار دے سکتی ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے امریکا کے لیے بڑی فتح قرار دیا ہے۔