گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار،حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے،مولانا فضل الرحمن
اسلام آباد :پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں، گیلانی کے اعلان کے بعد حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی، امپائر نیوٹرل کے سوال پر کہا کہ بظاہر تو لگتا ہے تاہم ڈسکہ اور کرم کے شکوک وشبہات ان کی طرف جارہے ہیں ۔پیر کے روز یوسف رضا گیلانی پارٹی رہنماﺅں اور رفقاءکے ہمراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان سے ملاقات کی جبکہ سینیٹ الیکشن میں جے یو آئی سے تعاون کی درخواست کی جس پر مولانا نے کہا کہ آپ یہاں آئے خوشی ہے یہ آپ کا اپنا گھر ہے ،آپ نہ بھی آتے تو سینیٹ الیکشن میں بھر پور تعاون کریں گے ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یوسف رضاگیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، انشاءاللہ وہ کامیاب بھی ہونگے ۔ جب سے یہ اعلان ہوا ہے کہ یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی سے سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں، حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے ۔ حکومت کو اپنی صفوں میں عدم اعتماد اور خلفشار نظر آنا شروع ہوگیا ہے ۔یوسف رضا کے مقابلے میں حفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں ۔ تقریباً ہر حکومت میں ان کے ہاتھ میں معیشت رہی ہے آج بھی وہ معاشی مشیر ہیں ۔یہ احساس صرف عام آدمی کو نہیں بلکہ ارکان پارلیمنٹ کو ہونا چاہیئے کیونکہ وہ عوامی احساس کے نمائندے ہیں ۔ انہوں نے کہا آج عام آدمی انتہائی پریشان ہیں کیونکہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے ۔