پرامن اور شفاف انتخابات حکومت کی اولین ترجیح ہے، عبدالعزیز عقیلی
کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں32 اضلاع میں انتخابات کرائے جائیں گے پرامن اور شفاف انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عبدالعزیز عقیلی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکیورٹی ، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دے دیا گیاہے چیف سیکرٹری نے حساس اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط روابط قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی قیادت اور انتظامیہ ایک دوسرے سے تعاون کو بڑھائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔اجلاس میں آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں پورے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے پورے صوبے میں سیکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی اور کہاکہ سیاسی قیادت سے رابطہ مربوط بنایا جائے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے چیف سیکرٹری نے آنے والے انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت اورکہاکہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود مختلف اضلاع کا دورہ کرنے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی، صوبائی الیکشن کمشنر، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔