کھیل کی خبریں

پی ایس ایل کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے انتظامی اور اسٹرکچر میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے، جن کا اطلاق ٹورنامنٹ کے گیارہویں ایڈیشن سے ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 11 میں کھلاڑیوں کی سلیکشن روایتی ڈرافٹ سسٹم کے بجائے آکشن کے ذریعے کی جائے گی۔ نئے آکشن سسٹم کا مقصد ٹیموں کو زیادہ متوازن بنانا اور کھلاڑیوں کو بہتر مالی مواقع فراہم کرنا ہے۔انتظامیہ نے مینٹورز، برانڈ ایمبیسڈر اور رائٹ ٹو میچ کے قوانین کو مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آکشن سے قبل ہر فرنچائز کو مجموعی طور پر چار کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم ہر کیٹیگری میں صرف ایک کھلاڑی کو برقرار رکھا جا سکے گا۔نئی شامل ہونے والی دونوں فرنچائزز کو بھی خصوصی سہولت دیتے ہوئے آکشن سے قبل چار، چار کھلاڑی منتخب کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ہر فرنچائز کو ایک بین الاقوامی کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔پی سی بی کے مطابق ڈائریکٹ سائننگ کے لیے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ منتخب کیا جانے والا بین الاقوامی کھلاڑی پی ایس ایل 2025 ایڈیشن کا حصہ نہ رہا ہو۔آکشن کے دوران استعمال کے لیے ہر ٹیم کا سیلری کیپ 16 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کے چند میچز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں بھی کھیلے جائیں گے