صوبے میں کسی صورت نوکریوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی، سرفراز بگٹی
کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں اب نوکریاں سفارش یا فروخت کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف میرٹ پر دی جائیں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ خزانہ بلوچستان میں 111 آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شفاف، کامیاب اور عوامی اعتماد کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے، جو صوبے میں اصلاحات کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام سرکاری بھرتیوں کو بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے طے شدہ معیار کے مطابق لایا جا رہا ہے، جبکہ بھرتیوں کے پورے عمل کو مرحلہ وار مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوکری بیچنے اور سفارش کے کلچر کے خاتمے کے بغیر نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال نہیں ہو سکتا۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بلوچستان کے عوام سے کیا گیا وعدہ ہر صورت نبھائیں گے اور صوبے میں کسی صورت نوکریوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں سے نہ صرف نوجوانوں کو باوقار روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی اور عوامی اعتماد میں بھی نمایاں بہتری آئے گی