قومی خبریں

استحکام پاکستان پارٹی سیاسی محاذ پر متحرک،جہانگیر ترین کے ملک بھر میں سیاسی رابطے

لاہور : استحکام پاکستان پارٹی نے بڑے سیاسی رہنماو¿ں کی شمولیت کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت سیاسی محاذ پر دوبارہ متحرک ہو گئی،جہانگیر ترین نے وطن واپسی کے بعد ملک بھر میں سیاسی رابطے دوبارہ شروع کر دئیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ آئندہ چند روز کے دوران پنجاب میں 30 سے زائد سابق ارکانِ اسمبلی کا استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔سابق ارکان اسمبلی اور رہنماو¿ں کے بڑے گروپ کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی،جہانگیر ترین اور علیم خان آئندہ چند روز میں لاہور،اسلام آباد اور کراچی میں اہم سیاسی رہنماو¿ں سے ملاقاتیں کریں گے۔خیبر پختو نخوا کی بڑی سیاسی شخصیات کے ساتھ بھی استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت نے دوبارہ رابطہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق رواں ہفتے پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کر لیا جائے گا۔جہانگیر ترین اور علیم خان کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی،استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت نے پارٹی کی ممبر سازی مہم بھی بڑے پیمانے پر شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یاد رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی نے باضابطہ سیاسی سر گرمیاں شروع کر دی ہیں۔لاہور کی اہم شاہراہوں لبرٹی،مین بلیووارڈ گلبرگ،جیل روڈ اور فیروز پور روڈ پر استحکام پاکستان پارٹی کے پرچم اور بینرز آویزاں کر دیئے گئے۔سیاسی،سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی جانب سے استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت کا اعلان بھی کیا جارہا ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان نے کہا کہ پارٹی جلد سیاسی میدان میں اترے گی۔جہانگیر ترین،عبدالعلیم خان کی قیادت میں آنے والا وقت ہمارا ہو گا،ہم بکھرے ہوئے خوابوں کو تعبیر دینے جا رہے ہیں۔