احتجاجی تحریک کو وسعت اور احتجاج میں شدت لائی جائے گی ،ایکشن کمیٹی
کوئٹہ :ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا ۔
علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات ،جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود رہے۔ علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاءکا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پرنٹ میڈیا کے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کے ڈرافٹ پر کام روکنے اور اخبار مارکیٹ کے مسائل کے حل تک احتجاج جاری رہے گا ۔
شرکاءکا کہنا تھا کہ باقاعدہ ترتیب شدہ سازش کے تحت بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کے معاشی قتل کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر تاحال کام جاری ہے ۔ بلوچستان میں پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے اخبارات و جرائد کا انحصار صرف حکومت کی جانب سے جاری ہونیوالے سرکاری اشتہارات پر ہے ایسی صورتحال میں زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے صوبے کے پانچ ہزار سے زائد افراد کو بیروزگار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
شرکاءکا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جس سے اخباری صنعت متاثر ہو ۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی گئی جس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی تحریک کو وسعت اور احتجاج میں شدت لائی جائے گی اور اخباری صنعت کیخلاف سازش میں ملوث عناصر کو بے نقاب اور حقائق سامنے لائے جائیں گے ۔