قومی خبریں

بشریٰ بی بی سے ملاقات اور ذاتی معالج تک رسائی‘ بیٹی مبشرہ کی درخواست پر سماعت آج پیر کوہوگی

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی سے ملاقات اور ذاتی معالج تک رسائی سے متعلق بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پر سماعت آج پیر کوہوگی سابقہ سماعت پر عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیے تھے اور پٹیشن کو نمبر لگا کر پیر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔جسٹس ارباب محمد طاہرسماعت کریں گے۔سابقہ سماعت کے دوران وکلا سلمان اکرم راجہ، علی بخاری، نعیم پنجوتھہ اور خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ اس موقع پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اس نوعیت کے معاملات میں پہلے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کرنا ضروری ہوتا ہے اور اگر ابھی تک جیل حکام سے رجوع نہیں کیا گیا تو آج یا کل میں کر لیا جائے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیر کو کیس پر نمبر لگنے کے بعد اسے سنا جائے گا۔ انہوں نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ کیا پہلے بھی ملاقات نہیں ہو رہی تھی؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کبھی کرا دی جاتی ہے اور کبھی روک لی جاتی ہے۔ اب فیملی ملاقات بھی بند کر دی گئی ہے۔وکیل سلمان اکرم راجہ نے م¶قف اختیار کیا کہ درخواست گزار بشریٰ بی بی کی بیٹی ہیں اور ان کی ملاقات بند نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ٹھیک نہیں اور ان کی سرجری بھی ہو چکی ہے، اس لیے کیس میں ایمرجنسی نوعیت کے پیش نظر فوری سماعت کی استدعا کی گئی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آخری ورکنگ ڈے ہونے کی وجہ سے اعتراضات دور کر دیے گئے۔ کیس کو پیر کے پہلے ورکنگ ڈے پر سنا جائے گا، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔